رسول اکرم ﷺ بحیثیت افضل الخلق



اللہ جل مجدہ الکریم نے اپنی تمام مخلوقات میں اپنے حبیب مکرم حضور سیدنا محمد رسول اللہ ﷺکوسب سے افضل سب سے اعلیٰ سب سے ارفع سب سے اجمل سب سے اکمل سب سے انسب سب سے انور سب سے اعلم بنایا،اور ہر اعتبارسے آپ کے شرف و عزت کو سب پر فوقیت عطا فر مائی ،حقیقت یہ ہے کہ تعریف وتوصیف کے تمام تر الفاظ آپ کی عظمت شان کو بیان کرنے سے قاصر ہیں اور آپ ﷺکی ذات اقدس ان الفاظ کی تعبیرات سے بہت بلند و بالا ہے ۔اس لئے جو قرآن حکیم اور صحیح روایات میں وارد ہیں اسی کے مطابق ہم آپ ﷺکی شان افضلیت مختلف جہتوں سے پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔
نمبر۱: اللہ تعالیٰ نے جس طرح عالم ارواح میں ساری مخلوق سے اپنی ربوبیت کا عہد لیا اسی طرح تمام مخلوقوں سے افضل جماعت انبیائے کرام سے اپنے حبیب پر ایمان لانے اور ان کی حمایت ونصرت کرنے کا عہد لیا ،گو یا آپ ﷺتمام نبیوں کے نبی اور تمام رسولوں کے رسول ہیں ،چنانچہ ارشاد ربانی ہے: اے محبوب !یاد کیجئے جب اللہ تعالی نے نبیوں سے یہ عہد لیا کہ جب میں تم کو کتاب اور حکمت عطا کروں پھر تمہارے پاس ایک عظیم رسول آئے جو اس چیز کی تصدیق کرنے والا ہو جو تمہارے پاس ہو ،تو تم اس پر ضرور بہ ضرور ایمان لانا اور ضرور اس کی مدد کرنا ،فرمایا: کیا تم نے اقرار کر لیا اور میرے اس بھاری عہد کو قبول کر لیا ؟انہوں نے کہا :ہم نے اقرار کر لیا ،فرمایا تم اس عہد پر گواہ ہوجاؤاور میں بھی تمہارے ساتھ گواہوں میں ہوں پھر جو شخص اس عہد کے بعد پھِر گیا تو وہ لوگ فا سق ہوں گے ۔ [سورہ آل عمران ،آیت: ۸۱،۸۲]
نمبر۲: اللہ تعالیٰ نے تمام مخلوق میں آپ ﷺسے زیادہ افضل کسی کو بنایا ہی نہیں ۔چنانچہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ :رسول اللہ ﷺنے فر مایا کہ:جبر ئیل علیہ السلام نے کہا: میں نے تمام زمین کے اطراف و اکناف اور گوشہ گوشہ کو چھان مارا مگر نہ تو میں نے محمد مصطفی ﷺ سے بہتر کسی کو پایا اور نہ ہی میں نے بنو ہاشم کے گھر سے بڑھ کر بہتر کوئی گھر دیکھا۔ [المعجم الاوسط،جلد:۶؍ص:۲۳۷،حدیث: ۲۶۸۵]
نمبر۳: اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو جو مقام ومرتبہ عطا فر مایا وہ کسی کو نہ دیا اور نہ دے گا ۔چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ :نبی اکرم ﷺنے فر مایا:سب سے پہلا شخص میں ہوں جو زمین سے نکلے گا ، پھر مجھے جنت کے جوڑوں میں سے ایک جوڑا پہنایا جائے گا ،پھر میں عرش کے دائیں جانب کھڑا ہوں گا ،اس مقام پر مخلوقات میں سے میرے سوا کوئی نہیں کھڑا ہوگا۔[ترمذی ،کتاب المناقب عن رسول اللہ ﷺ،حدیث: ۳۶۱۱]
اور حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ:رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فر مایاکہ: قیامت کے دن میں تمام لوگوں کا سردار ہوں گااور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ،ہر شخص قیامت کے دن میر ے جھنڈے کے نیچے ہوگا ،کشادگی کا انتظار کرتے ہوئے۔اور بے شک میر ے پاس حمد کا جھنڈا ہوگا ، میں چلوں گا اور لوگ بھی میرے ساتھ چلیں گے یہاں تک کہ میں جنت کے دروازے پر آؤں گا ،تو میں اسے کھلواؤں گا ،کہا جائے گا کون؟ میں کہوں گا :محمد(ﷺ)تو کہا جائے گا خوش آمدید محمد (ﷺ) پھر جب میں اپنے رب کو دیکھوں گا تو دیکھتے ہی میں سجدہ میں گِر جاؤں گا۔[المستدرک علی الصحیحین للحاکم،کتاب الایمان،حدیث: ۸۲]
نمبر۴: اللہ عز وجل نے اپنی مخلوق میں سے حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے سواکسی کے نام کو اپنے نام کے ساتھ نہ ملایا اور نہ ہی آپ ﷺ سے زیا دہ کسی کو محبوبیت عطا فر مائی۔
چنانچہ حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ : رسول اللہ ﷺنے فرمایا :جب حضرت آدم سے خطائے اجتہادی سرزد ہوئی تو انہوں نے دعا کی : اے میرے رب !میں تجھ سے محمد ﷺکے وسیلے سے سوال کرتا ہوں کہ میری مغفرت فرما،اس پر اللہ رب العزت نے فر مایا:ائے آدم ! تونے محمد ﷺ کو کس طرح پہچان لیا حالانکہ ابھی میں نے انہیں پیدا بھی نہیں کیا،؟ حضرت آدم علیہ السلام نے عرض کیا :مولا! جب تونے اپنے دست قدرت سے مجھے پیدا کیا اور اپنی روح میرے اند ر پھونکی میں نے اپنا سر اوپر اٹھایاتو عرش کے پایوں پر" لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ" لکھا ہوا دیکھا ،میں نے جان لیا کہ تیرے نام کے ساتھ اسی کا نام ہو سکتا ہے جو تمام مخلوق میں تجھے سب سے زیادہ محبوب ہے ۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے فر مایا:اے آدم !تو نے سچ کہا:مجھے ساری مخلوق میں سب سے زیادہ وہی محبوب ہیں ، اب جبکہ تم نے اس کے وسیلے سے مجھ سے دعا کی ہے تو میں نے تجھے معاف کردیا اور اگر محمد(ﷺ)نہ ہوتے تو میں تجھے بھی پیدا نہیں کرتا۔امام حاکم نے کہا کہ :یہ حدیث صحیح الاسناد ہے۔ [ المستدرک علی الصحیحین للحاکم،حدیث: ۴۲۲۸]
نمبر۵: اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہر نبی کو ایک محدود زمانے اور محدود قوم کی طرف نبی بنا کر مبعوث فر مایا مگر آپ ﷺکو قیامت تک کے صرف انسانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام مخلوقات کے لئے نبی بنا کر بھیجا ۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: بڑی برکت والا ہے جس نے اپنے مقدس بندے پر فیصلہ کرنے والی کتاب نازل فرمایا تاکہ وہ تمام جہانوں کے ڈرانے والے ہوں۔[سورہ فرقان،آیت: ۱] اور دوسری جگہ ارشاد فر مایا:اور ہم نے آپ کو (قیامت تک کے)تمام لوگوں کے لئے خوشخبری دینے والا اور ڈر سنانے والا بنا کر بھیجا ۔[سورہ سباء،آیت: ۲۸]
نمبر۶: اللہ جل مجدہ الکریم نے آپ ﷺکو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ،تو ہر شخص حصولِ رحمت میں آپ ﷺ کا محتا ج ہے اورآپ مخلوق میں کسی کے محتاج نہیں۔چنانچہ ارشاد باری تعالی ہے:وما ارسلنک الا رحمۃ للعا لمین،اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔[سورہ انبیاء،آیت: ۱۰۷]
نمبر ۷: اللہ تعالی قیامت کے دن آپ ﷺکو مقام محمود پر فائز فر مائے گا جہاں سب اگلے پچھلے لوگ آپ ﷺ کی تعریف و تو صیف کریں گے اور یہ مرتبہ آپ ﷺ کے سوا مخلوق میں سے کسی کو حاصل نہ ہوگا ،چنانچہ فر مان باری تعالی ہے:عسی ان یبعثک ربک مقاما محمودا،عنقریب آپ کا رب آپ کو مقام محمود پر جلوہ گر فر مائے گا۔[سورہ بنی اسرائیل،آیت: ۷۹]
نمبر ۸: اللہ عز وجل نے اس جہان میں اپنے محبوب مکرم ﷺکے علاوہ کسی کو بھی اپنے دیدار سے شر ف یاب نہ فر مایا،چنانچہ حضرت عبد اللہ بن شفیق سے روایت ہے :وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے کہا :اگر میں رسول اللہ ﷺ کو دیکھتا تو آپ ﷺ سے میں ضرور پوچھتا۔انہوں نے کہا تم کس چیز کے بارے میں پو چھتے ؟کہا:میں آپ ﷺ سے پوچھتا ،کیا آپ نے اپنے رب کو دیکھا ؟حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ نے کہا :میں نے اس کے بارے میں پو چھ لیا ہے۔قال رأیتُ نورا۔حضور ﷺ نے ارشاد فر مایا :میں نے دیکھا وہ نور ہے۔(مسلم،حدیث:۱۷۸)اورحضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ،وہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فر مایا:رأیت ربی تبارک وتعالی،کہ میں نے اپنے رب تبارک وتعالی کو دیکھا ۔[مسند امام احمد بن حنبل، جلد:۱ ؍ص: ۲۹۰، تحت مسند عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ ،حدیث: ۲۶۲۳،۲۶۷۸]
نمبر۹: اللہ رب العزت نے مختلف انبیائے کرام کو مختلف کتابیں عطا فر مائی ۔مگر اس کی حفاظت اپنے ذمہ کرم پر نہ لیا اس وجہ سے وہ کتابیں زمانے کے دست برد سے محفوظ نہ رہ سکیں مگر اپنے محبوب ﷺکو جو کتاب عطا فر مائی ۔اس کی حفاظت کا ذمہ بھی لیا اور اسے ہمیشہ کے لئے محفوظ فر مادیا چنانچہ اللہ جل شانہ کا ارشاد ہے:انا نحن نزلنا الذکر وانا لہ لحافظون۔بے شک ہم نے ہی قرآن عظیم کو نازل کیا اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں ۔[سورہ حجر،آیت: ۹]
نمبر۱۰: اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺکے لائے ہوئے دین کو اپنی نعمت تامہ قراردیا اور فر مایا:آج میں نے تمہارے لئے تمہارے دین کو مکمل کردیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کردی اور تمہارے لئے اسلام کو بطور دین کے پسند کر لیا۔[سورہ مائدہ،آیت: ۳]
اور آپ کے دین کو ادیان سابقہ کے لئے ناسخ قرار دیا اور فر مایا:جو شخص اسلام کے علاوہ کسی اور دین کو طلب کرے تو وہ اس سے ہر گز قبول نہ کیا جائے گا۔(سورہ آل عمران،آیت:۸۵) یہ آپ ﷺکی تمام انبیائے کرام پر عظیم فضیلت ہے کہ آفتاب محمدی کے طلوع ہونے کے بعد اب کسی نبی یا رسول کی شریعت کا چراغ نہیں جلے گا یہاں تک کہ اگر حضرت موسیٰ علیہ السلام بھی ظا ہری حیات سے ہوتے تو آپ کی پیروی کرتے اور جب حضرت عیسی علیہ السلام نازل ہوں گے تو وہ بھی آپ کی شریعت کی پیروی کریں گے۔
نمبر۱۱: اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق میں سوائے آقائے کریم ﷺکے کسی کو یہ مقام نہ دیا کہ وہ خود اس کی رِضا چاہتا ہو ۔چنانچہ ارشاد باری تعالی ہے:ولسوف یعطیک ربک فترضی ۔اور عنقریب آپ کو آپ کا رب اتنا دے گا کہ آپ راضی ہوجائیں گے۔[سورۃ الضحیٰ،آیت: ۵]
مختصر ا یہ چند باتیں آقائے کریم ﷺکی افضلیت سے متعلق درج کی گئیں ہیں ورنہ حقیقت یہ ہے کہ آپ ﷺکی شان وعزت خدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ میں کیا ہے؟ اسے سوائے اللہ تعالیٰ کے اور کوئی نہیں جانتا۔رب کریم سے عاجزانہ التجا ہے کہ ہمیں اپنے حبیب مکرم ﷺکی عظمتوں کے صدقے دارین کی سعادتیں نصیب عطا فر مائے اور ہمارے سینوں میں آپ ﷺ کی عظمت و محبت کو ثبت فرمائے۔آمین بجاہ سید المر سلین صلی اللہ علیہ وسلم۔



متعلقہ عناوین



رسول اکرم ﷺ بحیثیت محبِّ الٰہی رسول اکرم ﷺ بحیثیت محبوبِ الٰہی رسول اکرم ﷺ بحیثیت عبد کامل رسول اکرم ﷺ بحیثیت انسان کامل رسول اکرم ﷺ بحیثیت رحمۃ للعا لمین رسول اکرم ﷺ بحیثیت خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ بحیثیت صادق القول و الوعد رسول اکرم ﷺ بحیثیت امین رسول اکرم ﷺ بحیثیت حلیم رسول اکرم ﷺ بحیثیت حق گو رسول اکرم ﷺ بحیثیت عالم غیب رسول اکرم ﷺ بحیثیت شارع رسول اکرم ﷺ بحیثیت جج رسول اکرم ﷺ بحیثیت سپہ سالار رسول اکرم ﷺ بحیثیت فاتح رسول اکرم ﷺ بحیثیت امن پسند رسول اکرم ﷺ بحیثیت ماہر نفسیات



دعوت قرآن