کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتاہے؟



مسئلہ: کھانے ،پینے اور جماع کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے جب کہ روزہ دار ہونا یاد ہو۔نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:جس نے رمضان المبارک میں ایک دن افطار کر لیا بغیر رخصت اور بغیر بیماری کے تو زندگی بھر روزہ رکھنے کے باوجود اس کی بھر پائی نہ ہوگی۔یعنی وہ ثواب نہ ملے گا جو اس دن رمضان میں رکھنے کا تھا۔[ترمذی،حدیث:۷۲۳]۔
مسئلہ: حقہ، سگار،سگریٹ ،چرٹ وغیرہ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اگر چہ یہ خیال ہو کہ دھواں حلق تک نہ پہونچتا ہواسی طرح پان اور تمبا کو کھانے سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے اگر چہ پیک باہر پھینک دیا ہو کیو نکہ اس کے باریک اجزاء حلق تک ضرور پہونچتے ہیں۔
مسئلہ: شکروغیرہ ایسی چیزیں جو منہ میں رکھنے سے گل جاتی ہیں ،کسی نے منہ میں رکھی اور تھوک نگل گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اسی طر ح دانتوں کے در میان کوئی چیز چنے کے دانے کے برابر یا زیادہ تھی اسے کھا گیا، یا کم ہی تھی مگر منہ سے نکال کر پھر کھاگیا،یا دانتوں سے خون نکل کر حلق کے نیچے اترا اور خون تھوک سے زیادہ یا برابر یا کم تھا مگر اس کا مزہ حلق میں محسوس ہوا تو ان سب صورتوں میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اگر کم تھا اور مزہ بھی محسوس نہ ہوا تو نہیں۔
مسئلہ: کلی کر رہاتھا بلا قصد پانی حلق سے نیچے اتر گیا یا ناک میں پانی چڑھایا اور دماغ تک چڑھ گیا تو روزہ ٹوٹ گیا۔
مسئلہ: کان میں تیل یا دواڈالا یا کسی طر ح چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور پانی کان میں چلا گیا تو نہیں ۔
مسئلہ: رنگین ڈورا منہ میں رکھا جس کی وجہ سے تھوک رنگین ہو گیا پھر تھوک نگل گیا تو روزہ ٹوٹ گیا۔
مسئلہ: عورت کا بوسہ لیا،یا چھوا یا گلے لگایا اور انزال ہو گیا تو روزہ ٹوٹ گیا ۔
مسئلہ: روزہ کی حالت میں جان بو جھ کر کسی بھی طر ح منی نکالا تو روزہ ٹوٹ گیا ۔
مسئلہ: جان بوجھ کر منہ بھر قئے کی اور روزہ دار ہو نا یاد بھی ہے تو روزہ ٹوٹ گیا اور اس سے کم کیا تو نہیں ٹوٹا۔اور اگر بلا اختیار قئے ہوگئی تو اگر بھر منہ نہ ہو تو روزہ نہ ٹوٹے گا اگر چہ وہ قئی لوٹ گئی یا اس نے جان بوجھ کر لوٹایا۔اور اگر بھر منہ ہے اور اس نے لوٹائی اگر چہ اس میں سے چنے برابر ہی حلق سے اتری تو روزہ ٹوٹ گیا ورنہ نہیں۔[ماخوذ از بہار شر یعت، جلد: ۱ ؍ حصہ پنجم ،ص:۴۷۶۔۴۷۵]۔



متعلقہ عناوین



عظمتِ رمضان روزہ کی اہمیت وفضیلت روزہ کی نیت کے مسائل روزہ کن چیزوں سے نہیں ٹوٹتا ہے؟ روزہ کن چیزوں سے مکروہ ہو جاتاہے؟ کن صورتوں میں صرف قضا ہے؟ کن صورتوں میں قضا اور کفارہ دونوں ہے؟ روزہ میں کن لوگوں کے لئے رخصت ہے؟ روزہ کے فدیہ کے مسائل سحری وافطاری کے مسائل شب قدر کا بیان اعتکاف کے مسائل نفلی روزوں کا بیان



دعوت قرآن