کن چیزوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا



مسئلہ: بھول کر کھانے پینے اور جماع کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے۔حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:جس نے بھول کر کھایا یا پیا وہ اپنے روزے کو پورا کرے کہ اسے اللہ نے کھلایا اور پلایا۔[صحیح بخاری،حدیث:۶۶۶۹۔ صحیح مسلم، حدیث: ۱۱۵۵۔تر مذی، حدیث: ۷۲۱]۔
مسئلہ: مکھی یادھواں یا غبار حلق میں جانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے چاہے وہ کسی بھی چیز کا غبار ہو ۔ہاں اگر جان بوجھ کر خود دھواں پہونچایا تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
مسئلہ: تیل یا سر مہ لگایا تو روزہ نہ ٹوٹا اگر چہ تیل یا سر مہ کا مزہ حلق میں محسوس ہوتا ہو بلکہ تھوک میں سر مہ کا رنگ بھی دکھائی دیتا ہو۔حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا کہ:میری آنکھوں میں تکلیف ہے تو کیا میں روزے کی حالت میں سر مہ لگا سکتا ہوں ؟آپ ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:ہاں۔(تر مذی،حدیث:۷۲۶) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ:آپ ﷺ نے سر مہ لگایا حالا نکہ آپ روزے سے تھے۔(سنن ابن ماجہ،حدیث:۱۶۷۸)
مسئلہ: آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے۔
مسئلہ: عورت کا بوسہ لیا مگر انزال نہ ہوا تو روزہ نہ ٹوٹے گا۔ [بخاری،حدیث:۱۹۲۷۔مسلم،حدیث:۱۱۰۶۔ترمذی،حدیث:۷۲۷]۔
مسئلہ: عورت کی طرف دیکھا یا اس کی شر مگاہ کی طرف دیکھا مگر ہاتھ نہ لگایااور انزال ہو گیا تو روزہ نہ ٹوٹے گا۔[بخاری،حدیث:۱۹۲۷]
مسئلہ: بعض لوگ روزے کی حالت میں بار بار تھوکتے رہتے ہیں ایسا کرنا غلط ہے ،جس طر ح عام دنوں میں رہتے ہیں اسی طر ح رہیں ۔
مسئلہ: بات کرنے میں تھوک سے ہونٹ تر ہوگئے یا بار بار منہ میں تھوک جمع ہو ا اور اسے اندر ہی اندر نگل لیا تو روزہ نہ ٹوٹے گا اسی طر ح کھنکار منہ میں آیا اور اسے کھا گیاتو روزہ نہ ٹوٹے گا لیکن ایسا نہیں کرنا چاہئے۔(عالمگیری،در مختار،رد المحتار)
مسئلہ: احتلام ہوگیا یا کسی کی غیبت کی تو روزہ نہ ٹوٹااگر چہ غیبت کرنا سخت حرام و گناہ ہے ۔ [تر مذی،حدیث:۷۱۹]
مسئلہ: رات کو کسی نے اپنی بیوی کے ساتھ ہم بستری کی اور ناپاکی ہی کی حالت میں روزہ کی نیت کر لیاتو روزہ ہو جائے گا ۔
مسئلہ: نا پاکی کی حالت میں صبح کیا بلکہ اگر سارا دن ناپاک ہی رہا تو روزہ ہو جائے گا ، مگر اتنی دیر جان بوجھ کر غسل نہ کرنا کہ نماز قضا ہو جائے گناہ و حرام ہے۔ [بخاری،حدیث:۱۹۲۵۔۱۹۲۶۔مسلم،حدیث:۱۱۰۹]۔



متعلقہ عناوین



عظمتِ رمضان روزہ کی اہمیت وفضیلت روزہ کی نیت کے مسائل روزہ کن چیزوں سے ٹوٹ جاتاہے؟ روزہ کن چیزوں سے مکروہ ہو جاتاہے؟ کن صورتوں میں صرف قضا ہے؟ کن صورتوں میں قضا اور کفارہ دونوں ہے؟ روزہ میں کن لوگوں کے لئے رخصت ہے؟ روزہ کے فدیہ کے مسائل سحری وافطاری کے مسائل شب قدر کا بیان اعتکاف کے مسائل نفلی روزوں کا بیان



دعوت قرآن