روزہ کن چیزوں سے مکروہ ہو جاتاہے؟



حدیث: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتےہیں کہ:رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جنہیں روزے سے بھوک اور پیاس کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوتا۔اور بہت سارے رات میں قیام کرنے والے ایسے ہیں جنہیں جاگنے کے علاوہ کچھ نہیں ملتا۔[سنن ابن ماجہ،حدیث:۱۶۹۰]۔
مسئلہ: جھوٹ،چغلی،غیبت،گالی دینا،بیہودہ باتیں کرنا،کسی کو تکلیف دینا اسی طر ح کے دوسرے گناہ کے کام یہ چیزیں ایسے بھی نا جائز و گناہ ہیں اور روزے کی حالت میں اور زیادہ ۔ان سب کاموں کی وجہ سے روزہ مکروہ ہو جاتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:جو جھوٹ بولنا اور اس پر عمل کرنا نہ چھوڑے تو اللہ تعالی کو کوئی پرواہ نہیں کہ اس نے کھانا پینا چھوڑ دیا ہے۔ [بخاری، حدیث:۱۹۰۳] ۔
مسئلہ: روزہ دار کو بلاعذر کسی چیز کا چکھنا یا چبانا مکروہ ہے۔ چکھنے کے لیے عذر یہ ہے کہ مثلاً عورت کا شوہر بدمزاج ہے کہ نمک کم و بیش ہوگا تو اس کی ناراضی کا باعث ہوگا اس وجہ سے چکھنے میں حرج نہیں، چبانے کے لیے یہ عذر ہے کہ اتنا چھوٹا بچہ ہے کہ روٹی نہیں کھا سکتا اور کوئی نرم غذا نہیں جو اُسے کھلائی جائے، نہ حیض و نفاس والی یا کوئی اور بے روزہ ایسا ہے جو اُسے چبا کر دیدے، تو بچہ کے کھلانے کے لیے روٹی وغیرہ چبانا مکروہ نہیں۔
نوٹ: چکھنے کے وہ معنی نہیں جو آج کل عام محاورہ ہے یعنی کسی چیز کا مزہ دریافت کرنے کے لیے اُس میں سے تھوڑا کھا لینا کہ یوں ہو تو کراہت کیسی روزہ ہی جاتا رہے گا، بلکہ کفارہ کے شرائط پائے جائیں تو کفارہ بھی لازم ہوگا۔ بلکہ چکھنے سے مراد یہ ہے کہ زبان پررکھ کر مزہ دریافت کر لیں اور اُسے تھوک دیں اس میں سے حلق میں کچھ نہ جانے پائے۔
مسئلہ: عورت کا بوسہ لینا اور گلے لگانا اور بدن چھونا مکروہ ہے، جب کہ یہ اندیشہ ہو کہ انزال ہو جائے گا یا جماع میں مبتلا ہوگا اور ہونٹ اورزبان چوسنا روزہ میں مطلقاً مکروہ ہے۔
مسئلہ: روزہ دار کے لیے کلی کرنے اور ناک میں پانی چڑھانے میں مبالغہ کرنا مکروہ ہے۔ کلی میں مبالغہ کرنے کے یہ معنی ہیں کہ بھر مونھ پانی لے۔ اور وضو و غسل کے علاوہ ٹھنڈ پہنچانے کی غرض سے کلی کرنا یا ناک میں پانی چڑھانا یا ٹھنڈ کے لیے نہانا بلکہ بدن پر بھیگا کپڑا لپیٹنا مکروہ نہیں۔ ہاں اگر پریشانی ظاہر کرنے کے لیے بھیگا کپڑا لپیٹا تو مکروہ ہے کہ عبادت میں دل تنگ ہونا اچھی بات نہیں۔
مسئلہ: مونھ میں تھوک اکٹھا کر کے نگل جانا بغیر روزہ کے بھی ناپسند ہے اور روزہ میں مکروہ۔



متعلقہ عناوین



عظمتِ رمضان روزہ کی اہمیت وفضیلت روزہ کی نیت کے مسائل روزہ کن چیزوں سے ٹوٹ جاتاہے؟ روزہ کن چیزوں سے نہیں ٹوٹتا ہے؟ کن صورتوں میں صرف قضا ہے؟ کن صورتوں میں قضا اور کفارہ دونوں ہے؟ روزہ میں کن لوگوں کے لئے رخصت ہے؟ روزہ کے فدیہ کے مسائل سحری وافطاری کے مسائل شب قدر کا بیان اعتکاف کے مسائل نفلی روزوں کا بیان



دعوت قرآن