مہمان اور میزبان،سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں



ہر انسان کی زندگی میں ایسے مواقع آتے رہتے ہیں کہ وہ کبھی مہمان بنتا ہے اور کبھی میزبان۔ ان دونوں حالتوں میں اخلاق و محبت اور ظرف کی وسعت بہ قدر حیثیت لازمی ہے ۔مہمان کے آنے پر خوشی اور محبت کا اظہار اور عزت و احترام کے ساتھ اس کا استقبال سب سے پہلی چیز ہے اس کے بعد حسب حیثیت ان کے لئے کھانے پینے ،رہنے سہنے وغیرہ کے انتظامات ضروری ہیں ۔حضور ﷺنے خود بھی اس پر عمل کیا ۔اور دوسروں کو بھی اس کی تعلیم دی۔ان میں سے کچھ قارئین کے نذر کیا جاتا ہے ،پڑھئے اور عمل کیجئے ۔
حدیث:۱۔ حضرت ابو شریح رضی اللہ عنہ فر ماتے ہیں کہ: میری ان دونوں آنکھوں نے دیکھا اور دونوں کانوں نے سنا کہ:رسول اللہ ﷺ یہ ہدایت دے رہے تھے کہ:جو لوگ اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں انہیں اپنے مہمانوں کی عزت اور ان کی خاطر تواضع کر نی چاہئے ۔مہمان کے انعام کا موقع پہلا شب و روز ہے۔(یعنی پہلے دن اور رات میں میز بان اورمہمان میں انعام لینے والے اور دینے والے جیسی مسرت و شادمانی اور جذبات محبت کا بھر پور اظہار ہونا چاہئے )۔[بخاری ،حدیث: ۶۱۳۵]
حدیث:۲۔حضرت ابو شریح کعبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا:جو شخص اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ مہمانوں کی عزت کرے ۔ایک دن اور رات اس کا جائزہ ہے (یعنی ایک دن رات اس کی پوری خاطر داری کرے ،اپنے مقدور بھر اس کے لئے پر تکلف کھانا تیار کرائے )اور ضیافت تین دن ہے (یعنی ایک دن کے بعد جو ہے وہی پیش کرے تکلف کی ضرورت نہیں )اور تین دن کے بعد صدقہ ہے ۔مہمان کے لئے جائز نہیں کہ اس کے یہاں ٹھہرا رہے کہ اسے حرج میں ڈال دے۔[بخاری ،حدیث: ۶۱۳۶]
اس حدیث شریف میں پہلے دن خوب اچھا کھانا کھلانے کا حکم دیا گیا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اپنی طاقت سے زیادہ تکلفات کرے۔کیو نکہ حضور اکرم ﷺنے خود ارشاد فر مایا کہ:جب تمہارے پاس کوئی مہمان آئے تو اس کے لئے اپنی طاقت سے بڑھ کر تکلف نہ کرو بلکہ جو تمہارے پاس ہو وہی پیش کرو۔اور اس سے مسکراتے چہرے کے ساتھ ملاقات کرو۔کیونکہ اگر تم نے اپنی طاقت سے زیادہ تکلف برتا تو ہو سکتا ہے کہ تم اس کے چہرے میں ناگواری محسوس کرو۔[شعب الایمان۔حدیث: ۹۱۶۵]
حدیث:۳۔ ابو الاحوص جشمی اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ:میں نے عرض کیا :یا رسول اللہ ﷺ! یہ فر مایئے کہ میں ایک شخص کے یہاں گیا اس نے میری مہمانی نہیں کی اب وہ میرے پاس آئے تو میں اس کی مہمانی کروں یا اس کا بدلہ دوں؟آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم اس کی مہمانی کرو۔ [ترمذی،حدیث: ۲۰۰۶]
حدیث:۴۔حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ:حضور اکرم ﷺنے حضرت جبرئیل سے دریافت کیا کہ:اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اپنا دوست کس وجہ سے بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ:کھانا کھلانے کی وجہ سے۔[شعب الایمان، حدیث: ۹۱۷۱ ]
حدیث:۵۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ:مہمان کو ناپسند نہ کرو ،جو شخص مہمان کو ناپسند کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس شخص کو ناپسند کرتا ہے۔ [شرح صحیح مسلم مصنفہ علامہ غلام رسول سعیدی ،جلد اول،صفحہ: ۴۵۷]
حدیث:۶۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ:رسول اکرم ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:بے شک فر شتے تم میں سے ہر اس شخص کے لئے دعا کرتے رہتے ہیں جب تک کہ اس کا دستر خوان بچھا رہتا ہے۔ [شعب الایمان،حدیث: ۹۱۷۹]
حدیث:۷۔ رسول اکرم ﷺنے سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے فر مایا کہ:تم اپنے مہمان کے ساتھ کھانا کھاؤکیونکہ مہمان اکیلے کھانے سے شرما تا ہے۔[شعب الایمان۔حدیث: ۹۱۸۶]
حدیث:۸۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:اچھا طریقہ یہ ہے کہ مہمان کو دروازہ تک رخصت کرنے جائے۔[ابن ماجہ۔شعب الایمان،حدیث: ۹۲۰۲]
یہ مہمان نوازی صرف مسلمانوں کے ساتھ خاص نہیں بلکہ اگر کوئی کافر بھی دروازے پر آجائے تو اس کی ضیافت کرنی چاہئے اور اسے پیٹ بھر کھلانا پلانا چاہئے ۔چنا نچہ حضرت ابو ہر یرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک مہمان آیا ،وہ شخص کا فر تھا ،رسول اللہ ﷺ نے اس کے لئے ایک بکری کا دودھ دوہنے کا حکم دیا ،اس نے وہ دودھ پی لیا ،پھر دوسری بکری کا دودھ دوھنے کا حکم دیا اس نے اس کو بھی پی لیا حتی کہ اس نے اسی طرح سات بکریوں کا دودھ پی گیا ،پھر صبح کو وہ اسلام لے آیا،رسول اللہ ﷺ نے ان کے لئے ایک بکری کا دودھ دوہنے کا حکم دیا انہوں نے وہ دودھ پی لیا ، رسول اللہ ﷺنے پھر دوسری بکری کا دودھ دوھنے کا حکم دیا ،وہ دوسری بکری کا سارا دودھ نہ پی سکے ۔ رسول اللہ ﷺنے فر مایا:مومن ایک آنت میں پیتا ہے اور کا فر سات آنتوں میں پیتا ہے۔ [مسلم،کتاب الاشربہ،حدیث: ۲۰۶۳]
بلکہ اسلام میں یہاں تک سکھایا گیا کہ اگر تمہارے پاس کوئی مہمان آجائے چاہے وہ کسی بھی قوم کا رہنے والا ہو اور تمہارے پاس تمہارے اپنے بچوں کے کھانے کے سوا اور کچھ نہ ہو اس حالت میں بھی مہمان نوازی کرنی چا ہئے۔چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں آکر کہا کہ :میں فاقہ سے ہوں(یعنی کئی دن سے صحیح سے کھانا نہیں ملا ہے)آپ ﷺ نے اپنی کسی زوجہ کی طرف پیغام بھیجا ،انہوں نے کہا :اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے ،میرے پاس پانی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔پھر آپ ﷺ نے دوسری زوجہ کے پاس پیغام بھیجا انہوں نے بھی اسی طرح کہا حتی کہ سب نے یہی کہا:کہ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے ،میرے پاس پانی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔آخر کار آپ ﷺ نے فر مایا:جو شخص آج رات اس کو مہمان بنائے گا ،اللہ تعالیٰ اس پر رحم فر مائے گا ،انصار میں سے ایک شخص نے کھڑے ہو کر کہا کہ:یا رسول اللہ ﷺ ! اس کو میں مہمان بناؤں گا ،وہ صحابی اس مہمان کو اپنے گھر لے گئے اور انہوں نے بیوی سے پوچھا کہ:تمہارے پاس کھانے کی کوئی چیز ہے ؟بیوی نے کہا:صرف بچوں کا کھانا ہے ۔ انہوں نے کہا:بچوں کو کسی چیز سے بہلادو ،جب ہمارا مہمان آئے تو چراغ بجھا دینا اور اس پر یہ ظا ہر کرنا کہ ہم بھی کھا رہے ہیں(نہیں تو، وہ ہماری غربت دیکھ کرپیٹ بھر نہیں کھا سکے گا اور ہمیں بھی اس کھانے میں شریک کرنے کی کوشش کرے گا ) جب وہ کھانا کھانے لگے تو تم چراغ کے پاس جا کر اس کو بجھا دینا ،پھر وہ سب بیٹھ گئے اور مہمان نے(اس طر ح سے پیٹ بھر)کھانا کھا لیا ۔ جب صبح کو وہ نبی ﷺ کے پاس پہنچے تو رسول اللہ ﷺنے فر مایا:تم نے مہمان کے ساتھ جو حسن سلوک کیا اللہ تعالیٰ اس پر بہت خوش ہوا۔[مسلم،کتاب الاشربہ،باب اکرام الضیف و فضل ایثا رہ،حدیث: ۲۰۵۴]
اسی طرح ایک مرتبہ آپ ﷺ کے پاس ایک مہمان آیا تو آپ ﷺنے ایک یہودی کے پاس اپنی زرہ رہن(یعنی گروی) رکھ کر اس کی ضیافت فر مائی ۔[شرح صحیح مسلم ،جلد اول ،ص: ۴۵۷]
آپ ﷺ نے کبھی کسی مہمان کو خالی جانے نہ دیا اور اپنی امت کو بھی یہی درس دیا اور ساتھ ہی ان کو یہ بھی سکھایا کہ جب تم کسی کے مہمان بنو تو اپنے کسی بھی عمل اور حر کت سے میزبان کو تکلیف کا احسا س نہ ہونے دو کیو نکہ نا شا ئستہ حرکات زحمت کا باعث بنتی ہیں اور اس سے با ہمی محبت کا جذبہ کم ہوتے ہوتے مہمانی صرف ایک رسم بن کر رہ جاتی ہے ۔پھر معاشرہ تباہ کن صورت حال سے دوچار ہونے لگتا ہے ۔



متعلقہ عناوین



بیٹا ،سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں باپ،سیرت مصطفیٰ ﷺ کے آئینے میں شوہر،سیرت مصطفیٰ ﷺ کے آئینے میں مالک،سیرت مصطفیﷺ کے آئینے میں بھائی ، سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں رشتہ دار ،سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں پڑوسی،سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں مسافر،سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں مدد اور تعاون،سیرت مصطفیٰ ﷺ کے آئینے میں کسب و تجارت،سیرت مصطفیٰ ﷺ کے آئینے میں دعوت وتبلیغ، سیرت مصطفی ﷺ کے آئینے میں ادائیگئی حقوق،سیرت مصطفیٰ ﷺ کے آئینے میں



دعوت قرآن