نماز تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد



فضیلت: حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:جو شخص اچھی طرح سے وضو کرے اور اس کے بعد ظاہر وباطن کے ساتھ متوجہ ہو کر دو رکعت نماز[تحیۃ الوضو] پڑھے تو اس کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔ [مسلم،حدیث:۲۳۴]
مسئلہ: بہتر یہ ہے کہ جب بھی وضو کرے تو وضو کے بعد یہ دو رکعت نماز پڑھ لے۔کیونکہ حدیث شریف میں اس کی بڑی فضیلت آئی ہے۔حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ: ایک صبح حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو بلایا اور فرمایا کہ:ائے بلال!کس عمل کی وجہ سے تم کل رات جنت میں میرے آگے آگے چل رہے تھے،میں نے تمہارے چلنے کی آہٹ کو سنا۔حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا :یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!جب بھی میں وضو کرتا ہوں تو دو رکعت نماز پڑھ لیتا ہوں،اور جب بھی میرا وضو ٹوٹ جاتا ہے تو میں اسی وقت وضو کر لیتا ہوں۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایاکہ اسی وجہ سے۔[المستدرک للحاکم،کتاب معرفۃ الصحابہ،حدیث:۵۲۴۵]
طریقہ: جس طرح سے دو رکعت نفل نماز پڑھی جاتی ہے ،ٹھیک اسی طرح سے دو رکعت نماز تحیۃ الوضو بھی پڑھی جائے گی،فرق صرف نیت کا ہوگا،اس کی نیت زبان سے کرنا چاہیں تو اس طرح سے کر سکتے ہیں۔یا اللہ! نیت کی میں نے دو رکعت نماز تحیۃ الوضو کی تیرے لئے منہ میرا کعبہ شریف کی طرف،اللہ اکبر۔



تحیۃ المسجد



حدیث: حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:جو شخص مسجد میں داخل ہو تو بیٹھنے سے پہلے دو رکعت نماز پڑھ لے۔ [بخاری،حدیث:۴۴۴]
مسئلہ: اگر کوئی شخص ایسے وقت مسجد میں داخل ہو جس وقت میں نفل نماز پڑھنا مکروہ ہے تو اس کے لئے حکم یہ ہے کہ تحیۃ المسجد کی نماز نہ پڑھے بلکہ تسبیح اور درود شریف وغیرہ پڑھ لے تو مسجد کا حق ادا ہو جائے گا۔
مسئلہ: ہر دن ایک بار تحیۃ المسجد کی نماز پڑھ لینا کا فی ہے۔ہر بار ضرورت نہیں۔[بہار شریعت،حصہ چہارم]





متعلقہ عناوین



نماز کی اہمیت وفضیلت نماز پڑھنے کا طریقہ نماز کے شرائط وفرائض نماز کے واجبات اورسنتیں نماز کے مکروہات نماز کے مفسدات سجدہ سہو کے مسائل قراءت میں غلطی کے مسائل نماز جنازہ کے مسائل نماز تراویح کے مسائل نماز اشراق اور چاشت نماز توبہ اور تہجد صلوۃ التسبیح نماز حاجت نماز استخارہ سورج گرہن اور چاند گرہن کی نماز عیدین کی نماز مسافر کی نماز مریض کی نماز



دعوت قرآن