نماز کے شرائط وفرائض



سوال: نماز کے صحیح ہو نے کے لئے کتنی چیزوں کا ہونا شرط ہے جس کے بغیر نماز سِرے سے ہوتی ہی نہیں ہے؟
جواب: نماز کی شرطیں چھ ہیں جن کے بغیر نماز سِرے سے ہوتی ہی نہیں ہے۔
نمبر۱:طہارت یعنی نمازی کے بدن ،کپڑے اور اس جگہ کا پاک ہونا جس پر نماز پڑھے۔
نمبر۲:ستر عورت۔یعنی مرد کو ناف سے گھٹنے تک اور عورت کو سوائے چہرہ،ہتھیلی اور قدم کے پورا بدن چھپانا ۔
نمبر۳ :استقبال قبلہ۔یعنی نماز میں قبلہ کی طرف منہ کرنا۔اگر قبلہ معلوم نہ ہو تو کسی سے معلوم کر لے اور اگر جاننے کا کوئی راستہ نہ ہو تو خود ہی غور وفکر کر کے جدھر دل جمے اسی طرف منہ کر کے نماز پڑ ھ لے پھر نماز پڑ ھنے کے بعد معلوم ہوا کہ قبلہ دوسری طرف تھا تو کوئی حرج نہیں نماز ہوگئی ۔
نمبر۴:وقت۔لہذا کوئی نماز اس کے وقت آنے سے پہلے پڑھی تو نماز نہ ہوگی۔
نمبر۵:نیت۔یعنی دل کے پکے ارادے کے ساتھ نماز پڑ ھنا ضروری ہے اور زبان سے نیت کے الفاظ کہہ لینا مستحب ہے ،اس میں عربی کی تخصیص نہیں اردو وغیرہ کسی بھی زبان میں کر سکتےہیں۔
نمبر۶:تکبیر تحر یمہ،یعنی نماز کے شروع میں لفظِ"اللہ اکبر" کہنا۔
سوال: کپڑے میں ناپاکی لگی ہوئی تھی لیکن نماز پڑھنے کے بعد معلوم ہواتو کیا نماز ہو جائے گی؟
جواب: نماز نہیں ہوگی،اس نماز کو پھر سے پڑھنا ضروری ہے،البتہ وقت نکل چکا ہو تو صرف فرض کی قضا کرے سنتوں کی قضا نہیں،اور عشاء کے وقت میں ہوا ہو تو فرض کے ساتھ وتر کی بھی قضا کرے۔
سوال:اگر کسی عورت نے اتنا باریک دوپٹہ اوڑھ کر نماز پڑ ھی کہ دو پٹے کے اوپر سے بالوں کا رنگ دِکھائی دے رہا تھا تو نماز ہو گی یا نہیں؟
جواب: اس صورت میں نماز نہ ہوگی،کیونکہ عورت کے لئے سوائے چہرہ،ہتھیلی اور قدم کے پورا بدن چھپانا ضروری ہے۔
سوال: نماز کی حالت میں عورت کے لئے جن اعضا کو چھپانا ضروری ہے جیسے دونو ں ہاتھ کہنیوں سمیت،دونوں کان،بال وغیرہ ان میں سے کسی بھی عضو کا چو تھائی حصہ کھل گیا لیکن اس نے فورا چھپا لیا تو نماز ہوگی یا نہیں؟
جواب: نماز میں جن اعضا کو عورتوں کے لئے چھپانا ضروری ہے ان میں سے اگر کسی بھی عضو کا چو تھائی حصہ کھل گیا اورفوراََچھپا لیا گیا تو نماز ہو جائے گی۔لیکن اگر تین بار سبحان اللہ کہنے کی مقدار کھلا رہ گیا پھر چھپائی تو نماز نہ ہوگی یونہی ان اعضا میں سے کسی کا چوتھائی حصہ کھلے رہنے کی حالت میں "اللہ اکبر"کہہ کر ہاتھ باندھی تو نماز شروع ہی نہ ہوگی پھر سے نماز کے لئے تحریمہ باندھنا ہوگا۔


نماز کےفرائض



سوال: نماز میں کتنی چیز یں فر ض ہیں؟
جواب: نماز میں چھ باتیں فر ض ہیں۔
قیام۔یعنی کھڑا ہونا۔ [۲]قرات یعنی قرآن شریف پڑ ھنا۔ [۳] رکوع ۔ [۴]سجدہ۔ [۵] قعدہ اخیرہ،یعنی نماز کی آخری رکعت میں مکمل "التحیات" پڑ ھنے کی مقدار بیٹھنا۔ [۶]خروج بصنعہ۔ قعدہ اخیرہ کے بعد نماز کو توڑ دینے والا کوئی کام کرنے کو "خروج بصنعہ" کہتے ہیں ۔لیکن "سلام"کے علاوہ کوئی دوسرا نماز کو توڑ دینے والا کام قصدا پایا گیا تو نماز کا دوبارہ پڑ ھنا واجب ہوگا۔
سوال: عورتوں کے لئے بیٹھ کر نماز پڑ ھنا زیادہ بہتر ہے یا کھڑے ہوکر؟
جواب: جو نمازیں فر ض،واجب اور سنت موکدہ ہیں ان کو کھڑا ہو کر ادا کرنا فر ض ہے،مرد ہو یا عورت ۔ تو اگر کسی نے بغیر صحیح مجبوری کے ان نمازوں کو بیٹھ کر ادا کیا تو نماز ہوگی ہی نہیں۔اور اگر پہلے اس طرح سے ادا کر چکی ہیں تو ان نمازوں کو دہرانا ضروری ہے ۔اور نفلی نماز بیٹھ کر ادا کر نا درست ہے لیکن اس میں بھی بہتر یہ ہے کہ کھڑے ہو کر اداکرے ۔آج کل دیکھا جاتا ہے کہ نوجوان طاقتورلوگ بھی نفل نماز ہمیشہ بیٹھ کر ہی ادا کرتے ہیں یہ اچھی بات نہیں۔


متعلقہ عناوین



نماز کی اہمیت وفضیلت نماز پڑھنے کا طریقہ نماز کے واجبات اورسنتیں نماز کے مکروہات نماز کے مفسدات سجدہ سہو کے مسائل قراءت میں غلطی کے مسائل نماز جنازہ کے مسائل نماز تراویح کے مسائل نماز تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد نماز اشراق اور چاشت نماز توبہ اور تہجد صلوۃ التسبیح نماز حاجت نماز استخارہ سورج گرہن اور چاند گرہن کی نماز عیدین کی نماز مسافر کی نماز مریض کی نماز



دعوت قرآن