سحری وافطاری کے مسائل



حدیث: حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:سحری کھاؤکیونکہ سحری کھانے میں بر کت ہے۔[صحیح بخاری،حدیث:۱۹۲۳۔صحیح مسلم،حدیث:۱۰۹۵۔ترمذی،حدیث:۷۰۸]
حدیث: حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:سحری کل کی بر کت ہے ،اسے نہ چھوڑنا ،کچھ نہ ہو تو ایک گھونٹ پانی ہی پی لینا کیو نکہ سحری کھانے والوں پر اللہ اور اس کے فر شتے درود بھیجتے ہیں۔[مسند امام احمد بن حنبل،حدیث:۱۱۰۸۶۔صحیح ابن حبان،حدیث:۳۴۸۵]
نوٹ: سحری کھانے میں وقت کا اعتبار ہے موذن کے آذان کا نہیں ،بعض لوگ کھاتے رہتے ہیں اور موذن کے آذان کا انتظار کرتے ہیں کہ آذان ہوگی پھر کھانا پینا بند کریں گے ۔یہ درست نہیں کیو نکہ کبھی ایسا ہو سکتا ہے کہ موذن صبح صادق ہونے کے چار ،پانچ منٹ بعد آذان دے اور کوئی شخص صبح صادق کے بعد تک کھاتا پیتا ہی رہے۔تو اس صورت میں اس کا روزہ نہ ہوگا۔اس لئے اس کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
حدیث: حضرت سلمان بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:جب تم میں سے کوئی روزہ افطار کرے تو کھجور یا چھوہارے سے افطار کرے کہ وہ بر کت والا ہے اور اگر وہ نہ ملے تو پانی سے کرے کہ وہ پاک کر نے والا ہے۔[جامع تر مذی،حدیث:۶۹۵]
حدیث: حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اکرم ﷺ نماز سے پہلے تر کھجوروں سے روزہ افطار کرتے تھے تر کھجوریں نہ ہوتیں تو چھوہاروں سے اگر یہ بھی نہ ہوتیں تو چند چلو پانی سے اور آپ ﷺ افطار کے وقت یہ دعا پڑھتے تھے۔
اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلیٰ رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ۔
یا اللہ میں نے تیرے ہی لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی رزق سے افطار کیا۔[سنن ابوداود،حدیث:۲۳۸۵۔جامع ترمذی، حدیث:۶۹۶]
حدیث: حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب افطار کرتے تو یہ دعا پڑھتے۔
" ذَهَبَ الظَّمَأُ وَابْتَلَّتِ الْعُرُوقُ وَثَبَتَ الأَجْرُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ"
پیاس ختم ہو گئی،رگیں تر ہوگئیں اور اجر ثابت ہوگیا ان شاء اللہ تعالیٰ۔[سنن ابوداود،حدیث:۲۳۵۷]
مسئلہ: دونوں دعائیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں اس لئے کوئی بھی دعا پڑھ سکتے ہیں۔
مسئلہ: افطار میں جلدی کرنا سنت ہے۔حدیث قدسی میں ہے کہ ا للہ تعالیٰ فرماتا ہے:میرے بندوں میں مجھے زیادہ پیارا وہ ہے جو افطار میں جلد کرتا ہے۔[ترمذی،حدیث:۷۰۰]



متعلقہ عناوین



عظمتِ رمضان روزہ کی اہمیت وفضیلت روزہ کی نیت کے مسائل روزہ کن چیزوں سے ٹوٹ جاتاہے؟ روزہ کن چیزوں سے نہیں ٹوٹتا ہے؟ روزہ کن چیزوں سے مکروہ ہو جاتاہے؟ کن صورتوں میں صرف قضا ہے؟ کن صورتوں میں قضا اور کفارہ دونوں ہے؟ روزہ میں کن لوگوں کے لئے رخصت ہے؟ روزہ کے فدیہ کے مسائل شب قدر کا بیان اعتکاف کے مسائل نفلی روزوں کا بیان



دعوت قرآن