نماز کے مکروہات تحریمی وتنزیہی



سوال: نماز کے مکروہات کا مطلب کیا ہے؟
جواب: مکروہ کا معنی ہوتا ہے"ناپسندیدہ کام "یہ دو طرح کا ہوتا ہے ایک تنزیہی اور دوسرا تحریمی،اگر کوئی ایسی بات ہوجائے جو مکروہ تنزیہی ہے تو اس سے نماز پر کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ایسا کرنا بہتر نہیں ہوتا اوراگر کوئی بات ہو جائے جو مکروہ تحریمی ہے تو اس نماز کو دوبارہ پڑھنا واجب ہوتا ہے۔
سوال: نماز میں کیا باتیں مکروہ تحریمی ہیں؟
جواب: نماز میں مندرجہ ذیل باتیں مکروہ تحریمی ہیں۔
ہر ایسا کام جو نماز میں اﷲ کی طرف سے توجہ ہٹا دے مکروہ ہے۔
داڑھی، بدن یا کپڑوں سے کھیلنا۔
اِدھر اُدھر منہ پھیر کر دیکھنا۔
آسمان کی طرف دیکھنا۔
کمر یا کولہے وغیرہ پر ہاتھ رکھنا۔
کپڑا سمیٹنا۔
سَدْلِ ثوب یعنی کپڑا لٹکانا مثلاً سر یا کندھوں پر اس طرح ڈالنا کہ دونوں کنارے لٹکتے ہوں۔
آستین آدھی کلائی سے زیادہ چڑھی ہوئی رکھنا۔
انگلیاں چٹخانا۔
مرد کا جوڑا باندھے ہوئی نماز پڑھنا
بول و براز (پاخانہ / پیشاب) یا ہوا کے غلبے کے وقت نماز ادا کرنا۔
قعدہ یا سجدوں کے درمیان جلسہ میں گھٹنوں کو سینے سے لگانا۔
بلاوجہ کھنکارنا۔
ناک و منہ کو چھپانا۔
جس کپڑے پر جاندار کی تصویر ہو اس کو پہن کر نماز پڑھنا۔
کپڑے میں اس طرح لپٹ جانا کہ ہاتھ بھی باہر نہ ہو۔
کسی کے منہ کے سامنے نماز پڑھنا۔
پگڑی یا عمامہ اس طرح باندھنا کہ درمیان سے سر ننگا ہو۔
کسی واجب کو ترک کرنا مثلاً رکوع میں کمر سیدھی نہ کرنا، قومہ یا جلسہ میں سیدھے ہونے سے پہلے سجدہ کو چلے جانا۔
قیام کے علاوہ اور کسی جگہ پر قرآن حکیم پڑھنا۔
رکوع میں قرات ختم کرنا۔
صرف شلوار یا چادر باندھ کر نماز پڑھنا۔
امام سے پہلے رکوع و سجود میں جانا یا اٹھنا۔
قیام کے علاوہ نماز میں کسی اور جگہ قرآن حکیم پڑھنا۔
چلتے ہوئے تکبیر تحریمہ کہنا۔
امام کو کسی آنے والے کی خاطر نماز کو بلاوجہ لمبا کرنا۔
غصب کی ہوئی زمین / مکان / کھیت میں نماز پڑھنا۔
اچکن وغیرہ کے بٹن کھول کر نماز پڑھنا جبکہ نیچے قمیص نہ ہو۔
تصویر کا نمازی کے آگے یا داہنے یا بائیں یا پیچھے ہونا اس طرح کہ لٹکا ہو یا گاڑا گیا ہو یا دیوار پر نقشہ بنایا گیا ہو۔


نماز کے مکروہات تنزیہی



سوال: نماز میں کیا باتیں مکروہ تنزیہی ہیں؟
جواب: مندرجہ ذیل باتیں مکروہ تنزیہی ہیں۔
سجدہ یا رکوع میں بلا ضرورت تسبیح تین (۳)مرتبہ سے کم کہنا ۔ اس طرح جلدی جلدی رکوع اور سجدہ کرنے کو حدیث میں مرغ کی ٹھونگ مارنا فرمایاگیا ہے ۔ البتہ وقت کی تنگی یا ٹرین کے چلے جانے کے خو ف سے اگر تین (۳)مرتبہ سے کم تسبیح کہی تو حرج نہیں اور اسی طرح اگر مقتدی تین(۳) تسبیحیں نہ کہنے پایا تھا کہ امام نے سر اٹھالیا تو مقتدی امام کاساتھ دے ۔ (بہار شریعت ، جلد ۳ ، ص ۱۷۱)
مسئلہ: پیشانی سے خاک یا گھاس وغیرہ چھڑانا مکروہ ہے جبکہ ان کی وجہ سے نماز میں تشویش نہ ہو اور اگر اس سے تکبر مقصود ہو تو کراہت تحریمی ہے ۔ اور اگر تکلیف دہ ہو ں یا ان کی وجہ سے خیال بٹتاہو تو چھڑانے میں حرج نہیں ۔ اور نماز کے بعد چھڑانے میں مطلقاً کوئی مضائقہ نہیں بلکہ چھڑالینا چاہئے تاکہ ریا نہ آئے ۔ ( عالمگیری ، بہار شریعت، جلد۳، ص۱۷۱)
مسئلہ: فرض کی ایک رکعت میں کسی آیت کو بار بار پڑھنا یا کسی سورت کو بار بار پڑھنا مکروہ تنزیہی ہےجبکہ کوئی عذر نہ ہو مثلاً اسے ایک ہی سورت یا د ہے وغیرہ ۔( عالمگیری ، غنیہ ، بہار شریعت ، فتاوٰی رضویہ ، جلد ۳ ، ص ۹۹)
مسئلہ: سجدہ میں جاتے وقت گھٹنے سے پہلے ہاتھ زمین پر رکھنا اور سجدہ سے اٹھتے وقت ہاتھ سے پہلے گھٹنوں کو زمین سے اٹھانا ۔ ( منیہ ، بہار شریعت )
مسئلہ: سجدہ وغیرہ میں انگلیوں کو قبلہ سے پھیر دینا اور انگلیاں دائیں بائیں پھیلانا ۔( درمختار ، ردالمحتار)
مسئلہ: رکوع میں سر کو پشت سے اونچا یا نیچا کرنا ۔ ( غنیہ )
مسئلہ: بغیر کسی عذر دیوار یا عصا پر ٹیک لگا کر قیام میں کھڑا رہنا ۔ (غنیہ ، بہار شریعت ، جلد ۳ ،ص۱۷۳)
مسئلہ: حالت قیام میں دائیں بائیں جھومنا ۔ ( حلیہ ، بہار شریعت ، جلد ۳ ، ص ۱۷۳)
مسئلہ: حالت نماز میں انگلیوں پر آیتوں ، سورتوں اور تسبیحات کو گننا ( شمار کرنا) مکروہ ہے ۔ چاہے فرض نماز ہو یا نفل نماز ہو ۔ اگر کوئی شخص نفل میں زیادہ تعداد میں کوئی سورت یا آیت پڑھنا چاہتاہو یا صلوٰۃ التسبیح پڑھتا ہو اور تسبیحات شمار کرنی ہوں تو وہ دل میں شمار رکھے یا انگلیوں کے پوروں کو دبا کر تعداد محفوظ رکھے لیکن انگلیاں بطور مسنون اپنی جگہ پر ہی رہیں اور انگلیاں اپنی جگہ سے نہ ہٹیں تو اس طرح شمار کرنے میں کوئی حرج نہیں مگر پھر بھی خلاف اولیٰ ہے کہ دل دوسری طرف متوجہ ہوگا ۔ ( بہار شریعت ، جلد ۳ ، ص ۱۷۱)
مسئلہ: نماز میں آنکھیں بند رکھنامکروہ ہے لیکن اگر آنکھیں کھلی رکھنے میں خشوع نہ ہوتا ہو اور اِدھر اُدھر توجہ بٹتی ہو تو آنکھیں بند کرنے میں حرج نہیں بلکہ بہتر ہے ۔ ( درمختار ، ردالمحتار ، بہارشریعت ، حصہ ۳، ص ۱۴۵)


متعلقہ عناوین



نماز کی اہمیت وفضیلت نماز پڑھنے کا طریقہ نماز کے شرائط وفرائض نماز کے واجبات اورسنتیں نماز کے مفسدات سجدہ سہو کے مسائل قراءت میں غلطی کے مسائل نماز جنازہ کے مسائل نماز تراویح کے مسائل نماز تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد نماز اشراق اور چاشت نماز توبہ اور تہجد صلوۃ التسبیح نماز حاجت نماز استخارہ سورج گرہن اور چاند گرہن کی نماز عیدین کی نماز مسافر کی نماز مریض کی نماز



دعوت قرآن