نماز عیدین



حدیث: حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ شریف آئے تو اس زمانے میں اہل مدینہ سال میں دو دن خوشی مناتے تھے[ایک مہرگان کے دن اور دوسرا نیروز کے دن] حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت کیا کہ یہ کیسا دن ہے؟ لوگوں نے عرض کیا جاہلیت کے زمانے میں ہم لوگ اِن دنوں میں خوشی مناتے تھے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:اللہ تعالیٰ ان کے بدلے ان سے بہتر دو دن تمہیں عطا فرمایا ہے۔ایک عید الفطر اور دوسرا عید الاضحیٰ۔[سنن ابو داود،حدیث:۱۱۳۴]
حدیث: حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ:حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز دو رکعت پڑھی،نہیں اس سے پہلے نماز پڑھی اور نہیں بعد میں۔[بخاری،حدیث:۹۶۴]
حدیث: حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن کچھ کھا کر نماز کے لئے تشریف لے جاتے اور عید الاضحیٰ کے دن نہیں کھاتے جب تک نماز نہیں پڑھ لیتے۔ [ترمذی،حدیث:۵۴۲]
طریقہ: عید کی نماز پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ: سب سے پہلے دل میں یہ نیت کریں کہ میں عید الفطر یا عید الاضحی ٰ کی دو رکعت واجب،چھ (6) زائد تکبیروں کے ساتھ پڑھتا ہوں اور نیت کے مذکور الفاظ زبان سے کہنا ضروری نہیں بلکہ دل میں ارادہ کرلینا کافی ہے کیونکہ نیت دل کے ارادہ کا ہی نام ہے، لیکن اگر کوئی شخص زبان سے یہ یا اس کے مشابہ الفاظ ادا کردیتا ہے تو بھی کوئی حرج نہیں بشرطیکہ زبان سے ادا کرنے کو سنت نہ سمجھے۔
مقتدی امام کی تکبیر تحریمہ کے ساتھ اپنی عید کی نماز شروع کردیں اور "سبحانک اللھم " آخر تک پڑھ لیں،اس کے بعد امام تین تکبیریں کہے گا،پہلی دو تکبیروں میں ہاتھ اٹھاکر چھوڑدیں اور تیسری تکبیر میں ہاتھ اٹھا کر چھوڑے بغیر باندھ لیں۔
اس کے بعد حسب معمول امام قرات کرے گا اور نماز پڑھائے گا۔ اس کے بعد دوسری رکعت میں امام رکوع میں جانے سے پہلے رکوع کی تکبیر کے علاوہ مزید تین زائد تکبیریں کہے گا، ان تینوں تکبیروں میں مقتدی ہاتھ اٹھا کر چھوڑ دیں اور چوتھی تکبیر (جو رکوع کی تکبیر ہوگی) میں ہاتھ اٹھائے بغیر تکبیر کہتے ہوئے امام کے ساتھ رکوع میں چلے جائیں۔اس کے بعد حسب معمول امام نماز مکمل کرے گا۔
دو رکعت مکمل ہونے کے بعد امام دعا کرائے گا اور دعا کے بعد دو خطبے ہوں گے جوکہ مسنون ہیں اور انہیں اپنی جگہ بیٹھ کر خاموشی سے سننا چاہئے، دو خطبوں کے بعد عید کی نماز مکمل ہوجائے گی۔



متعلقہ عناوین



نماز کی اہمیت وفضیلت نماز پڑھنے کا طریقہ نماز کے شرائط وفرائض نماز کے واجبات اورسنتیں نماز کے مکروہات نماز کے مفسدات سجدہ سہو کے مسائل قراءت میں غلطی کے مسائل نماز جنازہ کے مسائل نماز تراویح کے مسائل نماز تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد نماز اشراق اور چاشت نماز توبہ اور تہجد صلوۃ التسبیح نماز حاجت نماز استخارہ سورج گرہن اور چاند گرہن کی نماز مسافر کی نماز مریض کی نماز



دعوت قرآن