رسول اکرم ﷺ بحیثیت جج



ایک جج کا فریضہ ہوتا ہے کہ وہ جادۂحق سے ہٹانے والے تمام تر بندشوں کو توڑ کر اور ہر طرح کی لعنت و ملامت سے بے نیاز ہوکر پوری ہمت اور حوصلہ کے ساتھ بغیر کسی جانبداری کے صرف حق فیصلہ سنائے ۔ یہ ایک نہایت ہی مشکل امر ہے۔مگر حضور نبی کریم ﷺ نے زندگی کے اس شعبہ میں بھی بنی نوع انسانی کے لئے اپنا بے مثال نمونہ چھوڑا ،جو قیامت تک کے تمام ججوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ آپ ﷺ جب بھی کو ئی فیصلہ فر ماتے تو حق فیصلہ کرنے سے روکنے والے تمام تر اسباب کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر اور تمام تر لعنت و ملامت اور خطرات سے بے نیاز ہو کر بغیر کسی جانبداری کے صرف حق فیصلہ فر ماتے تھے۔
چنانچہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ:قبیلہ قریش کے خاندان بنی مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی ، اسلام میں چوری کی سزا ہاتھ کا ٹنا ہے ۔قبیلئہ قریش کو اس واقعہ سے بڑی فکر دامن گیر ہوئی کہ اگر ہمارے قبیلے کی اس عورت کا ہاتھ کاٹ ڈالا گیا تو یہ ہماری خاندانی شرافت پر ایسا بدنما داغ ہوگا جو کبھی مٹ نہ سکے گا ۔اور ہم لوگ تمام عرب کی نگاہ میں ذلیل و خوار اور رسوا ہو جائیں گے اس لئے ان لوگوں نے طے کیا کہ بارگاہ رسالت میں کوئی زبر دست سفارش پیش کر دی جائے تا کہ کسی طرح آپ ﷺ یہ سزا نہ سنائیں۔
چنانچہ ان لوگوں نے حضرت اُسامہ بن زیدرضی اللہ عنہ جن سے حضور اکرم ﷺ بے حد محبت فر ماتے تھے پر دباؤڈال کر اس بات پر آمادہ کر لیا کہ وہ حضور ﷺ سے سفارش کریں ،چنانچہ حضرت اسا مہ بن زید نے اشراف قریش کے اصرار سے متا ثر ہو کر بارگا ہ رسالت میں سفارش عرض کردی۔ سفارش سن کر پیشانی نبوت پر جلال کے آثار نمودار ہوگئے ۔اور آپ ﷺ نے نہایت غضب ناک لہجے میں فر مایا کہ:اے اسامہ! تو اللہ کے مقرر کئے ہوئے سزاؤں میں سے ایک سزا کے بارے میں سفارش کرتا ہے ۔پھر اس کے بعد آپ ﷺ نے لوگو ں کے درمیان کھڑے ہوکر ایک خطبہ دیا اور اس خطبے میں ارشاد فر مایا:اے لوگو! تم سے پہلے کے لوگ اس وجہ سے گمراہ ہوگئے کہ جب ان میں کوئی شریف چوری کرتا تھا تو اس کو چھوڑ دیتے تھے اور جب کوئی کمزور آدمی چوری کرتا تھا تو اس پر سزائیں قائم کرتے تھے ۔سنو! خدا کی قسم اگر محمد(ﷺ)کی بیٹی فاطمہ بھی چوری کرے گی تو یقینا میں اس کا ہاتھ کاٹ ڈالوں گا۔[بخاری کتاب الحدود،حدیث: ۶۷۸۸]
آپ ﷺکی اسی حق گوئی اور غیر جانبدارانہ فیصلے کی وجہ سے اپنے اور بیگانے سب آپ ﷺ کی ذات اقدس پر اٹوٹ بھروسہ کرتے تھے اور اپنے پیچیدہ مسائل کے حل کے لئے آپ ﷺکو اپنا جج بنا نے میں فخر محسوس کرتے تھے۔
چنانچہ جب خانہ کعبہ کی تعمیر ہونے لگی اور دیوار اس بلندی پر پہنچی جہاں پر حجر اسود رکھنا تھا تو عرب کے قبیلوں میں سخت اختلاف ہو گیا،ہر قبیلے کے لوگ یہ شرف خود حاصل کرنا چاہتے تھے بات اتنی آگے بڑھی کہ لوگ لڑنے مرنے پر تیار ہوگئے چنانچہ ایک قبیلے کے لوگوں نے اپنا خون ایک پیالے میں نکالا پھر اس میں انگلیاں ڈوبا کر چاٹ لی اور قسم کھائی کہ اس شرف کو وہ خود حاصل کریں گے یا اپنی جان دے دیں گے۔جب معاملہ انتہائی نازک ہو گیا اور قریب تھا کہ جنگ کا شعلہ بھڑک کر ہزاروں نوجوان کوخاک و خون میں تڑپا دیتا اور انہیں اپنی گلشن حیات کو الوداع کہنے پر مجبور کر دیتا۔تو ایک بزرگ نے مشورہ دیا کہ لڑائی جھگڑے کے بجائے کسی کو اپنا جج بنالو اور وہ جو فیصلہ کردے سب لوگ مان لو۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ہم اپنے معاملے کا جج کس کو بنائیں۔تو اس نے کہا کہ:کل صبح باب بنی شیبہ سے مسجد حرام میں جو سب سے پہلے داخل ہو،وہی ہمارا جج ہوگا۔رات بے چینی میں گزر کر جب صبح طلوع ہوئی تو لوگوں نے دیکھا کہ اس دروازے سے سب سے پہلے جناب محمد رسول اللہ ﷺداخل ہورہے ہیں۔آپ ﷺکو دیکھ کر سارے لوگ خوشی میں جھوم اٹھے اور بے ساختہ پکار اٹھے کہ یہ سچے ہیں ۔یہ امانت دار ہیں۔ ہم سب ان کو اپنا جج بخوشی ماننے کے لئے تیار ہیں۔
آپ ﷺ نے ایک چادر منگایا پھر حجر اسود کو اپنے دست مبارک سے اس چادر میں رکھ دیا پھر ہر قبیلے کے ایک ایک سردار کو بلایا اور سب سے فر مایاکہ چادر کے کونوں کو پکڑ کر اٹھاؤاور وہاں لے چلو جہاں رکھنا ہے چنانچہ سب لوگ اٹھا کر لے گئے جب وہاں پہنچے جہاں پر رکھنا تھا تو آپ ﷺ نے اپنے دست مبارک سے پتھر اٹھا کر اس جگہ پر نصب کر دیا ۔اس طرح آپ ﷺ کے حسن تدبر سے ہر قبیلے والوں نے یہ شرف حاصل کر لیا اور ایک بڑا جھگڑا ٹل گیا۔[ضیاء النبی،جلد :۲؍ص : ۱۵۲۔۱۵۳]
اس کے علاوہ کتب سیرت میں اس کی متعدد مثالیں موجود ہیں کہ یہودی،عیسائی اور دوسری قوم کے لوگ اپنے پیشوا کے بجائے رسول اکرم ﷺکو اپنا جج بنانے کو تر جیح دیتے تھے اور ان کے بجائے آپ ﷺ کی بارگاہ میں اپنا مقدمہ پیش کرنے میں اپنی عافیت سمجھتے تھے۔کیونکہ مذہب کے جدا ہونے کے باوجود انہیں مکمل یقین تھا کہ بارگاہ رسالت سے کبھی غلط فیصلہ صادر نہیں ہو سکتا۔
آپ ﷺ نے اس عہدہ کی نازکی کا خیال فر ماتے ہوئے اس پر فائز ہونے کے لئے کچھ شرطیں رکھیں اور ساتھ ہی ان لوگوں کے لئے ہدایات بھی عطا فرمائیں،اورحق فیصلہ کرنے پر اجر عظیم کی بشارت اور نا حق فیصلہ کرنے کے وبال سے ڈرایا ساتھ ہی آپ ﷺ نے ان تمام اسباب کو ان پر حرام کردیا جن کی وجہ سے ایک شخص کے دل میں جانبداری اور کسی کی رعایت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔تا کہ وہ ہر حال میں حق فیصلہ کر سکے۔
چنانچہ آپ ﷺ نے حاکموں کے لئے ہدیہ اور تحفہ لینے کو حرام کردیا کیونکہ اس کی وجہ سے حاکم کے دل میں فیصلہ کرتے وقت اس کی رعایت کا خیال پیدا ہوتاہے اور حاکم کو اس کی جانبداری کرنے پر اُکساتا ہے۔آپ ﷺ نے ایک شخص کو مال وصول کرنے کے لئے تحصیلدار بنایا جب وہ حاضر ہوئے تو انہوں نے کہاکہ:یہ میرا مال ہے جو مجھے تحفے میں ملا ہے اور یہ بیت المال کا ہے۔آپ ﷺ ناراض ہوئے اور فر مایا :لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ یہ میرا مال ہے جو مجھے ملا ہے اور یہ بیت المال کا ہے ۔وہ اپنے گھر بیٹھا رہتا پھر دیکھتا کہ اسے کون مال دیتا ہے۔(یعنی لوگوں کی فطرت میں حاکموں کو تحائف دے کر رعایات حاصل کرنا ہوتا ہے جبکہ اگر وہ حاکم نہ ہو تو کوئی اسے پوچھنے بھی نہ جائے گا )اس لئے آپ ﷺ نے ایسے تمام لوگوں پر جس کو حاکم بناتے تحائف قبول کرنے کو حرام قرار دیتے [بخاری،حدیث: ۷۱۷۴]
آج عدالتوں میں رشوت کے بل بوتے جانبدارانہ فیصلوں کی بہتات ،روپیہ اور پیسے کے عوض بد معاشوں،قاتلوں،چوروں اور ڈاکو ؤں کی سزا میں تخفیف اورجھوٹے مقدمات میں لوگوں کو پھنسانے کی روش نے پورے معاشرے کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے ۔جس کی وجہ سے ہر شریف اوربا مروت آدمی ان کو’ عدالت ‘ کہنے میں شرم محسوس کرتا ہے ۔
ان برائیوں کا قلع قمع کئے بغیر ایک اچھے معاشرے کا خواب دیکھنا جنت الحمقاء میں کھوئے رہنے کے مترادف ہے ۔آج ضرورت ہے کہ دنیا مصطفی جان رحمت ﷺکے اسوۂحسنہ پر عمل کر کے معاشرے کی تشکیل نو کرے جہاں انصاف ہی انصاف ہو اور امن ہی امن ہو ۔


متعلقہ عناوین



رسول اکرم ﷺ بحیثیت افضل الخلق رسول اکرم ﷺ بحیثیت محبِّ الٰہی رسول اکرم ﷺ بحیثیت محبوبِ الٰہی رسول اکرم ﷺ بحیثیت عبد کامل رسول اکرم ﷺ بحیثیت انسان کامل رسول اکرم ﷺ بحیثیت رحمۃ للعا لمین رسول اکرم ﷺ بحیثیت خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ بحیثیت صادق القول و الوعد رسول اکرم ﷺ بحیثیت امین رسول اکرم ﷺ بحیثیت حلیم رسول اکرم ﷺ بحیثیت حق گو رسول اکرم ﷺ بحیثیت عالم غیب رسول اکرم ﷺ بحیثیت شارع رسول اکرم ﷺ بحیثیت سپہ سالار رسول اکرم ﷺ بحیثیت فاتح رسول اکرم ﷺ بحیثیت امن پسند رسول اکرم ﷺ بحیثیت ماہر نفسیات



دعوت قرآن