حضرتِ ابو مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں۔ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص رات کو سورۂ بقرہ کی آخری دو آیتیں پڑھتا ہے۔ وہ اس کے لیے کافی ہوجاتی ہیں۔[بخاری،کتاب فضائل القرآن،باب فضل البقرۃ، حدیث:۵۰۰۹]
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ:حضرت جبرئیل حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہو ئے تھے کہ اچانک اوپر سے ایک آواز سنی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا سر مبارک اٹھایا ۔حضرت جبریل علیہ السلام نے فرمایا کہ یہ آسمان کا دروازہ ہے جسے صرف آج کے دن کھولا گیا ہے پھر اس سے ایک فرشتہ اُترا ،حضرت جبرئیل علیہ السلا م نے فر مایا یہ فرشتہ آج سے پہلے کبھی زمین کی طرف نہیں اترا۔ اس نے حضور سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کرکے عرض کیا: یا رسول اللہ ! صلی اللہ علیہ وسلم،آپ کو اُن دونوروں کی بشارت ہو جو آپ کے علاوہ اور کسی نبی کو عطا نہیں کیا گیا اور وہ دو نور یہ ہیں [۱] سورہ فاتحہ۔[۲] سورہ بقرہ کی آخری آیتیں۔ ان میں سے جو حرف بھی پڑھیں گے آپ کو اس کے مطابق دیا جائے گا۔[مسلم،کتاب صلاۃ المسافرین و قصرہا،باب فضل الفاتحہ وخواتیم سورۃ البقرۃ،حدیث:۱۳۳۹]
ایفع بن عبد الکلاعی بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! قرآن کی کونسی سورہ زیادہ عظمت والی ہے۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "قل ھو اللہ احد"۔ اس شخص نے عرض کیا:قرآن کی کونسی آیت زیادہ عظمت والی ہے؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آیت الکرسی۔ اُس شخص نے پوچھا کہ : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! وہ کونسی آیت ہے جس کے بارے میں آپ یہ پسند کریں گے کہ آپ کی امت اسے پڑھے؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:سورہ بقرہ کی آخری آیتیں۔کیونکہ یہ اللہ کی رحمت کے خزانوں میں سے ہیں جو اس کے عرش کے نیچے ہیں۔اللہ نے یہ اِس امت کو عطا کیا ہے۔دنیا اور آخرت کی ہر بھلائی اس میں ہے۔[سنن دارمی،کتاب فضائل القرآن،باب فضل اول سورۃ البقرۃ وآیۃ الکرسی،حدیث:۳۳۸۰]
حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: اللہ تعالیٰ نےسورہ بقرہ کو دو ایسی آیتوں کے ذریعے ختم کیا ہے جو اُس کے عرش کے نیچے موجود خزانے میں سے مجھے عطا کی گئی ہے۔تم ان کا علم حاصل کرو اور اپنی عورتوں کو ان کی تعلیم دو کیونکہ یہ دونوں نماز،قرآن اور دعا کا حصہ ہے۔[المستدرک للحاکم،کتاب فضائل القرآن،باب اخبار فی فضل سورۃ البقرہ، حدیث :۲۰۶۶]
سورہ فاتحہ کی فضیلت سورہ بقرہ کی فضیلت آیت الکرسی کی فضیلت سورہ آل عمران کی فضیلت سورہ کہف کی فضیلت سورہ یٰس کی فضیلت سورہ دخان کی فضیلت سورہ رحمٰن کی فضیلت سورہ واقعہ کی فضیلت سورہ حشر کی فضیلت سورہ ملک کی فضیلت سورہ زلزال کی فضیلت سورہ تکاثر کی فضیلت سورہ کافرون کی فضیلت سورہ اخلاص کی فضیلت سورہ فلق اور ناس کی فضیلت