سورہ فاتحہ کی فضیلت



حضرت ابو سعید بن معلی رضی اللہ عنہ بیان کر تے ہیں کہ میں نماز میں مشغول تھا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بلایا اس لئے میں کوئی جواب نہیں دے سکا ، پھر میں (نماز سے فارغ ہو کر آپ کی خدمت میں حاضر ہو ا اور) عرض کیا ، یا رسول اللہ ! میں نماز پڑھ رہا تھا ۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا ہے کہ: اِسْتَجِيبُوا لِلّٰہ ِوَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ " اللہ اور اس کے رسول کی بارگاہ میں حاضر ہو جاؤ جب وہ تمہیں بلائیں۔ " پھر آپ نے فرمایا : کیا میں تمہیں مسجد سے نکلنے سے پہلے قرآن کی سب سے عظمت والی سورت نہ سکھا دوں ؟ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ لیا اور جب ہم مسجد سے باہر نکلنے لگے تومیں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! آپ نے ابھی فرمایا تھا کہ مسجد کے باہر نکلنے سے پہلے آپ مجھے قرآن کی سب سے عظیم سورت سیکھا ئیں گے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہاں وہ سورت ” الحمد للہ رب العالمین “ ہے یہی وہ سات آیا ت ہیں جو ( ہر نماز میں ) بار بار پڑھی جاتی ہیں اور یہی وہ ” قرآن عظیم “ ہے جو مجھے دیا گیا ہے ۔[بخاری،کتاب فضائل القرآن،باب فضل فاتحۃ الکتاب،حدیث:۵۰۰۶]
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ:حضرت جبرئیل حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہو ئے تھے کہ اچانک اوپر سے ایک آواز سنی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا سر مبارک اٹھایا ۔حضرت جبریل علیہ السلام نے فرمایا کہ یہ آسمان کا دروازہ ہے جسے صرف آج کے دن کھولا گیا ہے پھر اس سے ایک فرشتہ اُترا ،حضرت جبرئیل علیہ السلا م نے فر مایا یہ فرشتہ آج سے پہلے کبھی زمین کی طرف نہیں اترا۔ اس نے حضور سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کرکے عرض کیا: یا رسول اللہ ! صلی اللہ علیہ وسلم،آپ کو اُن دونوروں کی بشارت ہو جو آپ کے علاوہ اور کسی نبی کو عطا نہیں کیا گیا اور وہ دو نور یہ ہیں [۱] سورہ فاتحہ۔[۲] سورہ بقرہ کی آخری آیتیں۔ ان میں سے جو حرف بھی پڑھیں گے آپ کو اس کے مطابق دیا جائے گا۔[مسلم،کتاب صلاۃ المسافرین و قصرہا،باب فضل الفاتحہ وخواتیم سورۃ البقرۃ،حدیث:۱۳۳۹]
عبد الملک بن عمیر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:سورہ فاتحہ میں ہر بیماری کی شفا موجود ہے۔[سنن دارمی،کتاب فضائل القرآن،حدیث:۲۳۳۶]



متعلقہ عناوین



سورہ بقرہ کی فضیلت آیت الکرسی کی فضیلت سورہ بقرہ کی آخری آیات کی فضیلت سورہ آل عمران کی فضیلت سورہ کہف کی فضیلت سورہ یٰس کی فضیلت سورہ دخان کی فضیلت سورہ رحمٰن کی فضیلت سورہ واقعہ کی فضیلت سورہ حشر کی فضیلت سورہ ملک کی فضیلت سورہ زلزال کی فضیلت سورہ تکاثر کی فضیلت سورہ کافرون کی فضیلت سورہ اخلاص کی فضیلت سورہ فلق اور ناس کی فضیلت



دعوت قرآن