سورہ ملک کی فضیلت



حضرت عبد اللہ بن عبا س رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی صحابی نے ایک جگہ پر خیمہ گاڑا،وہاں ایک قبر تھی اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ یہاں پر قبر ہے۔اچانک انہیں معلوم ہوا کہ یہ ایک قبر ہے اور اس میں ایک آدمی سورہ ملک پڑھ رہا ہے یہاں تک کہ اس نے سورہ ملک مکمل کر لی۔وہ صحابی جب حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میں نے نادانستہ ایک قبر پر خیمہ لگالیا، اچانک مجھے معلوم ہوا کہ یہ ایک قبر ہے اس میں ایک آدمی سورہ ملک پڑھ رہا ہے یہاں تک کہ اس نے سورت مکمل کر لی۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : یہ سورت قبر کے عذاب کو روکنے والی اور اس سے نجات دینے والی ہے۔[ترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ الملک ،حدیث:۳۱۳۳]
حضرت ابو ہر یرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قرآن مجید میں تیس آیتوں والی ایک سورت ہے،وہ اپنی تلاوت کرنے والے کی شفاعت کرے گی یہاں تک کہ اسے بخش دیا جائے گا۔وہ سورت تَبَارَكَ الَّذِى بِيَدِهِ الْمُلْكُ ہے۔[ترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ الملک ،حدیث:۳۱۳۴]
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: سورہ تبارک اپنے پڑھنے والے کی طرف سے جھگڑا کرے گی یہاں تک کہ اسے جنت میں داخل کر دے گی۔[شعب الایمان،فصل فی فضائل السور والآیات، حدیث :۲۲۷۸]
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری خواہش ہے کہ میری امت کے ہر شخص کے سینے میں تَبَارَكَ الَّذِى بِيَدِهِ الْمُلْكُ رہے۔ [شعب الایمان،فصل فی فضائل السور والآیات، حدیث :۲۲۷۷]
حضرت عبد اللہ بن عبا س رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک میں اللہ کی کتاب میں ایک ایسی سورت پاتا ہوں جس کی تیس آیتیں ہیں۔جو شخص سوتے وقت اس کی تلاوت کرے گا تو اس کے لئے تیس نیکیاں لکھی جائیں گی۔اس کے تیس گناہ مٹا دئیے جائیں گے اور اس کے تیس درجات بلند کر دئیے جائیں گے۔اور اللہ تعالیٰ اس کی طرف ایک فرشتہ بھیجتا ہے جو اس پر اپنے پر پھیلا دیتا ہے اور وہ اس آدمی کے بیدار ہونے تک ہر چیز سے اس کی حفاظت کرتا ہے،وہ سورت مجادلہ[بحث کرنے والی]ہے جو اپنی تلاوت کرنے والے کے لئے قبر میں بحث کرتی ہے۔وہ سورت تَبَارَكَ الَّذِى بِيَدِهِ الْمُلْكُ ہے۔[مسند الفردوس،باب الالف،حدیث:۱۷۹]



متعلقہ عناوین



سورہ فاتحہ کی فضیلت سورہ بقرہ کی فضیلت آیت الکرسی کی فضیلت سورہ بقرہ کی آخری آیات کی فضیلت سورہ آل عمران کی فضیلت سورہ کہف کی فضیلت سورہ یٰس کی فضیلت سورہ دخان کی فضیلت سورہ رحمٰن کی فضیلت سورہ واقعہ کی فضیلت سورہ حشر کی فضیلت سورہ زلزال کی فضیلت سورہ تکاثر کی فضیلت سورہ کافرون کی فضیلت سورہ اخلاص کی فضیلت سورہ فلق اور ناس کی فضیلت



دعوت قرآن